ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکیرہ کے قبائلیوں کی باز آباد کاری کی جائے گی: سدرامیا

مرکیرہ کے قبائلیوں کی باز آباد کاری کی جائے گی: سدرامیا

Tue, 20 Dec 2016 12:31:05    S.O. News Service

بنگلورو۔19؍دسمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے یقین دلایا کہ مرکیرہ میں مقیم قبائلیوں کی باز آباد کاری کیلئے ضلع انچارج وزیر اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت جاری کی جائے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے باز آباد کاری کا مطالبہ کرتے ہوئے قبائلی خواتین کی طرف سے احتجاج کی دھمکی ان کے علم میں آئی ہے ۔ یا درہے کہ گزشتہ روز مرکیرہ کی قبائلی خواتین نے حکومت کو متنبہ کیاتھاکہ فوری طور پر اگر ان کی باز آباد کاری کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ایک ماہ کے اندر وہ مرکیرہ اور بنگلور میں احتجاجی روش اختیار کریں گی اور مرکیرہ ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے روبرو برہنہ احتجاج کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ حکومت کوان خواتین کی طرف سے دی گئی دھمکی کی اطلاع ہے۔مقامی انتظامیہ کو یہ ہدایت دی جاچکی ہے کہ فوری طور پر ان کی باز آباد کاری کیلئے قدم اٹھائے جائیں۔حال ہی میں محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں میں پھنسنے والے بدعنوان افسران کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کی جانچ کے متعلق سوال پر سدرامیانے کہاکہ سی بی آئی یا ای ڈی کے افسران اپنی کارروائی کیلئے آزاد ہیں، انہیں کسی کے ہاں چھاپہ مارنے کیلئے حکومت کی اجازت طلب کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے گھروں پر چھاپہ پڑا ہے وہ مقدمات کا سامنا کریں اور ہمت ہے تو عدالت سے رجوع ہوں ،حکومت اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیاں اپنی کارروائی معتبر اطلاع پر ہی کرتی ہیں اگر اس معاملہ میں ملزمین قصور وار ہیں تو سزا بھگتنے کیلئے تیار رہیں،اگر بے قصور ہیں تو عدالت سے رجوع ہوکر اپنے آپ کو بچائیں۔


Share: